فوجی مشقوں سے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد ملتی ہے: جنرل ندیم رضا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پاکستان نیوی کی خصوصی جنگی مشقوں ’’شمشیر البحر تھری‘‘ کے ڈی بریفنگ سیشن میں شرکت کی۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ڈی بریفنگ سیشن گزشتہ روز کراچی میں بحری جہاز بیس ’جوہر‘ میں منعقد ہوا جہاں جنرل ندیم رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جنرل ندیم رضا کو ان مشقوں کے مقاصد کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشقوں کا مقصد روایتی اور غیر روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں میں بہتری کا حصول ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عسکری حکمت عملی میں جنگی مشقیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ضروری ہے کہ ان مشقوں کے ذریعے قومی سلامتی کو درپیش خطرات اور چیلنجز کے مقابلے کے لئے نئے تصورات اور بہتر پالیسی کے ساتھ صف بندی کی جائے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے مشقوں کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔ قبل ازیں نیول بیس پر پہنچنے پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا استبقل کیا۔