• news

علی گیلانی کی موت نہیں‘ بھارتی قید میں قتل ہوا: وزیراعظم آزاد کشمیر 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کا کہنا ہے کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی موت کو ہم قتل کہیں گے۔ سید علی گیلانی کی وفات قید میں ہوئی۔ عبدالقیوم نیازی نے گفتگو میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق رائے شماری دیا جائے۔ پہلے ہی کشمیری محاصرے میں ہیں اور اب کرفیو بھی لگا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہیرو کی موت پر کرفیو کیوں لگایا گیا۔ دنیا کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں۔ ہندوستان یہ سب بوکھلاہٹ میں کر رہا ہے۔ عبدالقیوم نیازی نے یہ بھی کہا کہ سید علی گیلانی کی موت نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔ کل جماعت حریت کانفرنس مرکزی دفتر اسلام آباد میں تعزیتی ریفرنس ہوا۔ سابق وزیراعلیٰ راجہ فاروق حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید علی گیلانی نے نظریہ پر سمجھوتا نہیں کیا۔ کشمیریوں کو رائے شماری کے نکتے پر متحد ہونا چاہئے۔ پاکستانی قوم نے بلاتفریق کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کی۔ کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کوئی حل قابل قبول نہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی افواج کے قبضے کیخلاف جہد مسلسل کی۔ ترجمان کے مطابق ائر چیف نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے سید علی گیلانی کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن