• news

رزاق داود کرونا پازیٹو،  89 جاں بحق : بھارتی وائرس تیزی سے پھیل رہا : اسد عمر 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ،اے پی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 4ہزار 103کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 89افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 4ہزار 874مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6اعشاریہ 65فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں وائرس کے اب تک 25ہزار 978مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 11لاکھ 67ہزار 791ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں 92 ہزار 941 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 717 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔24 گھنٹوں میں مزید 61 ہزار 651 ٹیسٹ کئے گئے، جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 78 لاکھ 71 ہزار 620  ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 لاکھ 90 ہزار 236 افراد کو وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 5 کروڑ 67 لاکھ 68 ہزار 446  ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ اب تک 1 کروڑ 74 لاکھ 55 ہزار 249 افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کرونا میں مبتلا ہو گئے، خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ انہوں نیبیان میں بتایا گیا ہے کہ میرا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، معمولی علامات ہیں، میں نے اپنے اپ کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ اپ کی دعاوں کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے  خبر دار کرتے کہا اس وقت ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کی آمد اور انتہائی نگہداشت لیول بلند ترین ہے۔ بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ وائرس پاکستان سمیت دنیا میں تیزی سے پھیلرہا ہے، ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث مریضوں کے ہسپتالوں میں داخلے بڑھے۔ مہربانی کر کے ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسین لگوائیں۔ ادھر امریکہ نے پاکستان کو فائزر کی کرونا ویکسین کی مزید 40لاکھ سے زیادہ خوراکیں عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ پاکستان کو ویکسین کی 40لاکھ سے زیادہ خوراکیں آج بھجوائی جارہی ہیں۔ پاکستان کو 41 لاکھ 49ہزار ویکسین کی خوراکیں کوویکس پروگرام کے تحت بھجوائی جارہی ہیں۔ امریکہ پاکستان کو جون سے لیکر اب تک فائزر اور موڈرنا ویکسین کی 92 لاکھ سے زیادہ خوراکیں پہلے ہی دے چکا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 59 ہزار 927 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں۔ بھارت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 39 ہزار 559 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 28 لاکھ 57 ہزار 937 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔روس میں کل اموات 1 لاکھ 84 ہزار 14 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 69 لاکھ 37 ہزار 333 ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں کرونا کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار 742 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 68 لاکھ 25 ہزار 74 ہو چکی ہے۔سیکرٹری آئی ٹی سی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اسما ثناء اللہ نے خبر دار کیا 15ستمبر کے بعد ویکسی نیشن کے بغیر کسی فرد کو بسوں میں سفر یا اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی،یہ بات انہوں نے سو سے زائد بسوں اور کوچوں کا معائنہ کرنے کے موقع پر یہ بات کہی۔

ای پیپر-دی نیشن