علی گیلانی نے پاکستان اور کشمیریوں سے وفا کا حق ادا کر دیا : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ مرد درویش سید علی گیلانی عمر بھر آزادی جموں و کشمیر کا پرچم تھامے رہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر علی گیلانی کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات سے آزادی جموں و کشمیر کا تاریخ ساز عہد تمام ہوا۔ علی گیلانی نے حریت کی تابناک تاریخ رقم کی۔ جبرواستبداد کا کوئی ہتھکنڈا مرد حریت کا عزم صمیم متزلزل نہ کر سکا۔ سید علی گیلانی نے پاکستان اور کشمیریوں سے وفا کا حق ادا کیا۔ مرد آہن ہم پاکستانی‘ پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ لگاتے دنیا سے رخصت ہوئے۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ علی گیلانی کی رحلت نہ صرف کشمیری بلکہ پاکستانی عوام کیلئے بھی ایک سانحہ ہے۔ جدوجہد آزادی کے اس سرخیل کی تمام زندگی بھارتی ظلم و بربریت اور استعماریت کے خلاف جہاد کرتے گزری۔ سید علی گیلانی کے انتقال سے اگرچہ ایک نہ پر ہونے والا خلا پیدا ہو گیا لیکن تحریک آزادی کشمیر کو اس سانحہ عظمی سے ایک نئی روح ملے گی۔شہبازشریف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر جان مینگل کی وفات پر شدید اظہار رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل ایک تاریخ ساز کردار اور بلند پایہ سیاستدان تھے۔ سردار عطا اللہ مینگل نے اپنی عمر بلوچوں اور بلوچستان کے حقوق اور ترقی کیلئے وقف رکھی۔