• news

علی گیلانی نے 3کشمیری نسلوں کو نیا عزم دیا ، پاکستان: میت چھیننے کی مذمت

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان قابض بھارتی افواج کی جانب سے عظیم کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کا جسد خاکی چھیننے کی بہیمانہ حرکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جب اہل خانہ سید علی گیلانی کی آخری رسومات کی تیاریوں میں مصروف تھے تو قابض بھارتی افواج کے بھاری دستے نے سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ اہل خانہ کو ہراساں کیا اور سید علی گیلانی کا جسد خاکی ساتھ لے گئے۔ عالمی برادری غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اس سنگین اور غیر معمولی صورتحال کا نوٹس لے اور عالمی قانون اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سید علی گیلانی کی رحلت پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام سید علی گیلانی کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی عمر بھر جدوجہد کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے۔ سید علی گیلانی طویل عرصہ گھر میں نظر بند رہے۔ عمر بھر انصاف اور آزادی کے حصول کی جدوجہد کرنے والے سید علی گیلانی کو قوم شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کاز پر غیرمتزلزل عزم سے ڈٹے رہے۔ بے پناہ ذاتی مشکلات ومصائب اور جبر واستبداد کا کوئی ہتھکنڈا ان کے آہنی عزم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکا۔ ناجائز بھارتی قبضے اور جبرواستبداد کے خلاف سید علی گیلانی نے اپنی جدوجہد سے کشمیر کی تین نسلوں کو ایک نیا عزم و حوصلہ دیا۔ سید علی گیلانی استصواب رائے کی کشمیریوں کی تحریک کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے۔ سید علی گیلانی لمحہ بھر کے لئے بھی اپنی نظریاتی سمت سے کبھی غافل نہیں ہوئے۔ وہ اپنے قلب و روح کی پوری وابستگی کے ساتھ جائز و منصفانہ نصب العین پر کاربند رہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر سے ان کی بے مثال وابستگی اور محبت پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی یاد قابض بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف اہل کشمیر کے جذبے اور تحریک کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے قانونی حق کے حصول تک کشمیریوں کی ہرممکن مدد کرتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن