• news

خیبر پی کے اسمبلی ، علی گیلانی کا جسد خاکی چھیننے کیخلاف مذمتی قرارداد 

پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی نے متفقہ قرار دادکے ذریعے حریت پسندکشمیری رہنما سید علی گیلانی کی جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے ان کی میت خاندان سے چھیننے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور عالمی تنظیموں سے ہندوستان کے گھنا ؤنے حرکت پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعہ کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران یہ قرار داد جماعت اسلامی کے رکن عنایت اللہ نے پیش کی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آزادی اورحریت کے استعارہ سید علی گیلانی کی میت کو زبردستی چھین کر رات کی تاریکی میں سپردخاک کرنے اور ایک عالمی مسلم رہنما کے لواحقین اورمسلمانوں کو اپنے قائدکی نمازجنازہ میں شرکت اور تدفین سے زبردستی روکنے پریہ ایوان بھارتی حکومت کی اس شرمناک اورماورائے انسانیت عمل کی شدیدترین الفاظ میں مذمت کرتاہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ جمہوریت کے نام نہاد علمبردار بھارتی حکومت کے اس ناروا سلوک پر عالمی فورسز میں آواز اٹھائے۔ خیبر پی کے عوام کا یہ نمائندہ ایوان دنیامیں آزادی کیلئے جدوجہد کرنیوالے عظیم رہنما اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کیلئے مشعل راہ سید علی گیلانی کی وفات کو پوری امت مسلمہ سمیت آزادی کیلئے برسرپیکارحریت پسندوں کیلئے ناقابل تلافی نقصان قراردیتاہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن