شفاف الیکشن کیلئے انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے: صدر علوی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء چودھری فواد حسین، شبلی فراز، اعظم خان سواتی، مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان بھی شریک ہوئے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ شفاف، محفوظ، غیر جانبدار انتخابات کیلئے انتخابی عمل کے تمام مراحل میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ انتخابی نظام بہتر بنانے کیلئے اجتماعی کاوشیں تمام سیاسی جماعتوں، سٹیک ہولڈرز کی قومی ذمہ داری ہے۔ ای ووٹنگ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے کوششوں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کا عمل آگے بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں ، سٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ سیاسی جماعتوں کو خواتین امیدواروں خصوصاً مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے زیادہ جمہوری عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں مختلف امیدواروں کے ایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن لڑنے کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شبلی فراز نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بارے شکوک و شبہات دور کرنے آگاہی پیدا کرنے کیلئے عملی مظاہرے دکھائے جارہے ہیں۔