افغانستان: 10 ارب ڈالر کے اثاثے بحال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں: امریکہ
واشنگٹن/ ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ امریکہ کا اربوں ڈالر کے منجمد افغان اثاثے بحال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق منجمد افغان فنڈز ریلیز کرنے کا حتمی فیصلہ امریکی صدر جوبائیڈن کریں گے۔ افغان سنٹرل بنک کے دس ارب ڈالر مالیت کے اثاثے امریکی بنکوں میں منجمد ہیں۔ نیٹو چیف نے کہا ہے کہ طالبان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ ان کے حکومتی اقدامات سے مشروط ہے۔ روس کے صدر پیوٹن نے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ہے کہ افغانستان میں ایک سیاسی قوت کو قانونی شکل دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔ یورپی یونین نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا ہے کہ افغان طالبان سے کسی بھی طرح کے رابطے سخت شرائط کی بنیاد پر کئے جائیں گے۔ افغانستان کے معاملے پر امریکہ‘ جی سیون اور جی 20 اور دیگر تنظیموں سے رابطہ کریں گے۔ افغانستان کے ہمسایہ ممالک سے علاقائی سطح پر سیاسی تعاون کا پلیٹ فارم شروع کریں گے۔