آٹا، چینی ، گھی ، مرغی سمیت 17 اشیا مہنگی ، 8سستی : ادارہ شماریات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق چینی‘ آٹا‘ مرغی‘ لہسن اور گھی مزید مہنگے ہو گئے۔ مہنگائی کی شرح 0.67 فیصد بڑھ گئی۔ مہنگائی کی مجموعی شرح 12.53 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک ہفتے میں 17 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ زندہ مرغی اوسطاً 23 روپے 18 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ زندہ مرغی 199 روپے 20 پیسے فی کلو ہو گئی۔ چینی ایک روپے 76 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ چینی کی اوسط قیمت 107 روپے 41 پیسے فی کلو ہو گئی۔ بیس کلو آٹے کا تھیلا 27 روپے 14 پیسے مہنگا ہوا۔ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1164 روپے 22 پیسے کا ہو گیا۔ دال مسور 7 روپے 22 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ گھی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 18 پیسے اضافہ ہوا۔ پیاز 3 روپے 18 پیسے فی کلو مہنگا ہو گیا۔ انڈے 5 روپے 15 پیسے فی درجن مہنگے ہو گئے۔ بیف‘ مٹن‘ کوکنگ آئل‘ دال چنا‘ دال ماش اور گڑ بھی مہنگے ہو گئے حالیہ ہفتے 8 اشیائے ضروریہ سستی ہوئیں ٹماٹر 89 پیسے فی کلو سستا ہوا‘ کیلے 4 روپے 62 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔ دال مونگ 2 روپے 63 پیسے‘ آٹو 28 پیسے فی کلو سستے ہو گئے۔ حالیہ ہفتے 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دوسری جانب اگست 2021ء میں درآمدات کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ وفاقی ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق اگست میں درآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ درآمدات کا حجم 6 ارب 46 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔ جون 2021ء میں درآمدات 6 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھیں۔ اگست 2021ء میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات 94.90 فیصد بڑھیں۔ جولائی‘ اگست کے دوران درآمدات میں 72.59 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی‘ اگست میں درآمدات 12 ارب ڈالرز سے زائد ہیں۔ اگست میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 144.13 فیصد بڑھا۔ اگست میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 29.68 فیصد اضافہ ہوا۔ تجارتی خسارے میں 119.94 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اگست میں تجارتی خسارہ چار ارب 22 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا۔ جولائی ‘ اگست میں تجارتی خسارہ سات ارب 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا۔ اگست میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات 41.04 فیصد بڑھیں۔ اگست میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 4.53 فیصد کمی ہوئی۔ اگست میں برآمدات دو ارب 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز ہیں۔