• news

مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم ، پی ڈی ایم میں سب مفادپرست: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں سب مفاد پرست جمع ہیں، ان کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ یہ راہزنوں کے ٹولے پر مشتمل غیر فطری اتحاد ہے۔ مفاد پرستوں کے اس ٹولے نے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور عوام کی حمایت سے پی ڈی ایم کی ہر سازش ناکام رہی۔ عمران خان کی شفاف سیاست کے سامنے یہ غیر فطری اتحاد کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ قوم کے ٹھکرائے ہوئے عناصر کو انتشار کی سیاست چھوڑ کر مثبت رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ پی ڈی ایم کی ساری جماعتیں زبانی جمع خرچ پر لگی ہوئی ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ مدت بھی پوری کریں گے اور آئندہ الیکشن میں بھی تحریک انصاف کامیاب ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹوکیو پیرا لمپکس میں ڈسکس تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی کھلاڑی حیدر علی کو مبارکباد دی ہے۔ عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں کام کریں۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔ اتوار بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو کسی بھی صورت ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی کے وژن پر یقین رکھتی ہے۔ پسماندہ علاقوں اور بڑے شہروں میں عوامی ضروریات کاتعین کر کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں۔ پنجاب کا کوئی شہر، قصبہ اور دیہات ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو صرف کھوکھلے نعروں سے بہلایا۔

ای پیپر-دی نیشن