علی گیلانی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کی علامت تھے: افتخار علی ملک
لاہور(کامرس رپورٹر)بانی چیئرمین پاک امریکہ بزنس کونسل اور چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) افتخار علی ملک نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کی علامت تھے۔ جمعہ کو ہنگامی تعزیتی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے اپنے بہادر بیٹے کو کھو دیا ہے جو زندگی بھر تمام مصائب کے سامنے چٹان کی مانند کھڑا رہا۔ سید علی گیلانی ایک ایسا چراغ تھا جس نے لاکھوں نوجوانوں کے دلوں کو روشن کیا اور لاکھوں لوگوں کے ذہنوں میں بھارتی حکومت کے مہلک ، مکروہ، بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ پیدا کیا۔ صدر یو بی جی زبیر طفیل نے کہا کہ انہوں نے ان کی طویل جدوجہد آزادی کے دوران کوئی بھارتی حکومت یہاں تک کہ مودی حکومت بھی انہیں اپنے موقف سے ایک انچ بھی نہیں ہٹا سکی۔ سید علی گیلانی ایک صاحب بصیرت لیڈر تھے اور کوئی بھی رغبت ، لالچ ، خوف ، دباؤ یا جان کو خطرہ انہیں آزادی کے مشن کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکا۔ سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ سید علی گیلانی کی ایک ہی خواہش تھی کی بھارت سے آزادی حاصل کرنا ہے۔ پاکستان ایک بڑے پاکستانی اور قوم کے خیر خواہ سے محروم ہو گیا ہے۔سیکرٹری اطلاعات یو بی جی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا سید علی گیلانی نے لاکھوں کشمیریوں کے دلوں میں جو امید شمع روشن کی ہے وہ آزادی کی جدوجہد کو تقویت بخشتی رہے گی۔