افغانستان: 20 سالہ جنگ میں 33 ہزار بچے جاں بحق ، معذور ہوئے: سیو دی چلڈرن
کابل(این این آئی)افغانستان میں بیس سالہ طویل ترین تاریخی جنگ کے دوران تقریباً33 ہزار بچے جاں بحق اور معذور ہوچکے ہیں۔ بچوں کی زندگی بچانے کی خدمات فراہم کرنے والی ایک بین الااقوامی امدادی تنظیم ’ سیو دی چلڈرن‘ (Save the Children )کے جاری اعلامیہ کے مطابق افغانستان میں گزشتہ بیس سال کی طویل ترین تاریخی جنگ کے دوران اب تک 32945 سے زیادہ بچے اپنی جانیں گنوابیٹھے ہیں یا معذورہوچکے ہیں تاہم ان میں وہ بچے شامل نہیں جو بھوک‘ غربت و افلاس اور بیماریوں کی وجہ سے مرچکے ہیں۔ یہ بچے خالص جنگ کے نتیجے میں جاں بحق و معذور ہوچکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بیس سالہ جنگ کے دوران اتنی بڑی تعداد میںجاں بحق و معذور بچوں کی تعداد سے اندازہ ہوتا ہے کہ اوسطاً ہرپانچ گھنٹے میں ایک بچہ جاں بحق یا معذور ہوچکا ہے۔