• news

3 ماہ میں 50کروڑ ڈالر کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سٹیٹ بنک اور نیپرا کی سٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ کو مسلم لیگ (ن) کی سچائی اور حکومت کے جھوٹ کا ثبوت قرار دے دیا۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ صرف تین ماہ میں قومی خزانے کو 50 کروڑ ڈالر یعنی 83 ارب روپے کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت ہے۔ حکومت نے مارکیٹ سے 30 فیصد مہنگی ایل این جی خرید کر عوام پر ظلم ڈھایا۔ آج کیا ہورہا ہے، نیب کو نظر نہیں آرہا، وہ پانچ سال پرانے معاہدوں کو کھنگال رہا ہے، افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ ہم نے قوم سے جو کچھ کہا وہ حرف بہ حرف سچ تھا۔ سستی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کو چلانے کے بجائے مہنگی بجلی پیدا کرکے قوم کی جیب کاٹی گئی۔ سٹیٹ بنک کی دوسری سہہ ماہی رپورٹ ثبوت ہے کہ ایل این جی کی وجہ سے بجلی کی لاگت میں کمی آئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے کہ سیاسی انتقام سے بھری حکومت میں بھی ملک وقوم کے لئے ہماری خدمت اور دیانت کی گواہی آرہی ہے۔ 2017ء سے 2020ء کے دوران 234 ارب روپے کی بچت ہماری مخلصانہ عوامی خدمت کا ثبوت ہے۔ ہم نے جو محنت کی، عوام کو ریلیف ملا۔ سال 2018ء اور2019ء کی سٹیٹ بنک کی پہلی سہہ ماہی رپورٹ نے تصدیق کردی کہ کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی ہمارے اقدامات کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فرنس آئل منگوانے میں کمی اور ملکی کوئلے کے استعمال سے درآمدات میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ سٹیٹ بنک اور نیپرا رپورٹ میں کیس اور فیس دونوں صاف نظر آرہے ہیں۔ خدا کرے نیب کو بھی نظر آجائیں۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ مرحوم بزرگ رہنما سید علی گیلانی کے اہل خانہ پر ایف آئی آر پر بھارت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جسد خاکی چھیننے کے بہیمانہ اور شرمناک اقدام کے بعد یہ فسطائیت بھارتی انتہا پسندی، عالمی و انسانی حقوق و بنیادی اقدار کی خلاف ورزی ہے۔ ان ہتھکنڈوں سے آزادی پسندوں کے حوصلے نہ پہلے ٹوٹ سکے اور نہ اب ان کا عزم متزلزل کیا جاسکتا ہے۔ عالمی برادری بھارتی چیرہ دستیوں کو رکوائے۔ حکومت پاکستان عالمی فورمز اور بین الاقوامی برادری کو اس ضمن میں متحرک کرنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

ای پیپر-دی نیشن