اپوزیشن چوں چوں کا مربہ ، اصلاحات پر رائے نہیں دے رہی : فواد چوہدری
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر حکومت نے اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت دی۔ اپوزیشن جماعتوں کو ایک دوسرے کی رائے کا علم نہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں قیادت کا جھگڑا ہے۔ پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے کسی بھی معاملے پر سنجیدہ تجاویز سامنے نہیں آ رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ حکومت کو اپوزیشن سے روابط بنانے چاہئیں اور بات کرنی چاہیے۔ ہم نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر بات چیت کی دعوت دی اور کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال پر بات کرنے کیلئے کمیٹی میں نام دیں لیکن تین ماہ ہو گئے ہیں اپوزیشن کی طرف سے کوئی نام سپیکر کو مو صول نہیں ہوا۔ الیکشن کمشن کے ممبران کے تقرر کے لئے نام دیں لیکن ابھی تک اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہی اور اسی طرح باقی کسی مسئلے پر بھی اپوزیشن کی کوئی رائے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف، بلا ول، مریم بی بی، فضل الرحمان ایک چوں چوںکا مربہ بن گیا ہے۔ ایک کی رائے اور دوسرے اور تیسرے کی رائے کیا ہے کچھ پتہ نہیں۔ پارٹیوں کے اندر لڑائیاں جاری ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں ٹاس ہو رہا ہے کہ قیادت کون کر ے گا۔ ایک ہفتے قیادت شہباز شریف، اگلے ہفتے مریم بی بی اور پھر ٹاس ہوتا ہے کہ شاہد خاقان عباسی قیادت کریں۔ پھر یہ کہا جاتا ہے کہ نواز شریف قیادت کریں گے۔ حقیقت میں مسلم لیگ (ن) کے اندر لڑائی، جھگڑا اور فساد جاری ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے کوئی سنجیدہ بات سامنے نہیں آرہی ہے لیکن ہم انتظار کرینگے۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا گہرا سٹرٹیجک، سیاسی، سماجی اور معاشی تعلق ہے۔ بھارت کو افغانستان میں ذلت اور رسوائی اٹھانی پڑی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کی۔ نریندر مودی جو ہٹلر سے متاثر ہے اس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور ایک میت کو اس کے خاندان کے حوالے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جو صورتحال ہے اس میں خصوصاً بھارتی میڈیا پر حیران ہوں۔ پاکستان کے آئی ایس آئی چیف نے کابل کا دورہ کیا، اس پر بہت بات ہو رہی ہے۔ کیا اس سے قبل امریکہ کی سی آئی اے چیف وہاں نہیں گئے۔ ترکی اور قطر کے انٹیلی جنس چیف نے کابل کا دورہ نہیں کیا؟۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے افغانستان میں کروڑوں ڈالر خرچ کئے لیکن ہماری پالیسی کے بعد آج وہ تنہا ہے۔ فواد حسین چودھری نے پی ٹی وی لاہور مرکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور اس کی ترقی کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائینگے۔ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے لئے ہاؤسنگ سکیم لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی رونقیں بحال کی جائیں اور اسے ملک کا بہترین چینل بنائیں گے۔