زیادتی:گجرات میں لڑکی جاں بحق،فیروز والا،خاتون کو آگ لگا دی،مظفر گڑھ،لیڈی سب انسپکٹرنشانہ
لاہور، قصور، تتلے عالی، شیخوپورہ، فیروز والا، جوئیانوالہ، گجرات، مظفرگڑھ (نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ علاقائی نمائندوں سے) فیروز والا میں 2 بچوں کی ماں سے زیادتی کے بعد آگ لگا کر نہر میں پھینک دیا گیا۔ گجرات میں اجتماعی زیادتی کا شکار لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ مظفرگڑھ میں خاتون سب انسپکٹر سے اغواء کے بعد زیادتی کی کوشش کی گئی۔ ماموں کانجن میں 45 سالہ خاتون کو 12 افراد نے ہراساں کیا۔ 4 نے اجتماعی آبروریزی کی۔ لاہور، قصور، اوکاڑہ میں لڑکوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تتلے عالی میں 7 سالہ بچے سے زیادتی کی گئی۔ پیر محل لڑکی، چیچہ وطنی میں 17 سالہ طالبہ کو بے آبرو کر دیا گیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گجرات میں دوشیزہ سے 3نوجوان کی مبینہ زیادتی کے بعد دم توڑ گئی۔ تھانہ صدر گجرات کے گائوں غازی چک کی رہائشی کی رپورٹ پر پولیس نے اس کی جواں سالہ بیٹی کو گھر سے اغواء کر کے نشہ آور چیز پلاکر ہوس کا نشانہ بنانے اور بے ہوشی کی حالت میں ویران علاقے میں پھینک جانے پر گائوں کے رہائشی سلیمان عرف سنی اور اسکے دو ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے لڑکی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں وہ دم توڑ گئی۔ ایس ایچ او تھانہ صدر کے مطابق ملزم سنی کو حراست میں لے لیا گیا۔ جبکہ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آجائیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی اور دیگر ملزمان کی فی الفور گرفتاری کے احکامات دے دئیے ہیں۔ علاوہ ازیں مظفرگڑھ میں لیڈی سب انسپکٹر کو اغوا کرنے کے بعد مبینہ طور پرزیادتی کی کوشش کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق لیڈی سب انسپکٹر ایک کیس کے سلسلے میں تھانہ صدر آ رہی تھیں کہ کار سوار ملزم نے انہیں اغوا کیا اور چمن بائی پاس کے قریب ایک باغ میں لے جاکر زیادتی کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سب انسپکٹر پر تشدد بھی کیا۔ لیڈی سب انسپکٹر کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے ملزم کاشف کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والی کار بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ مقدمہ تھانہ سٹی میں درج کر لیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ماموں کانجن سے نامہ نگارکے مطابق آئی جی پنجاب نے 45سالہ خاتون سے 4 افراد کی اجتماعی زیادتی اور 8 کی کوشش کا نوٹس لے لیا۔ آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ کرا لیا اور پانچ ملزموںکو حراست میں لے لیا۔ ملزمان میں اجمل ،کاکا، وسیم، بلال جٹ، رمضان، کالی جٹ گل بران پٹھان ، محمد عمران وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ خاتون نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ اسکے ساتھ چار اوباشوں نے ریپ کیا۔ جبکہ دیگر آٹھ اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کے لئے کھینچا تانی کرتے رہے۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ عبدالمالک کے نزدیک شریف پارک میں خاتون کو اغوا اور زیادتی کے بعد آگ لگا کر نہر میں پھینک دیا گیا۔ خاتون شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل ہے۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم احمد کوٹ عبدالمالک کی رہائشی خاتون کا رشتہ دار ہے۔ اس سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اس کی شادی کسی دوسرے نوجوان سے ہو گئی۔ جس کا ملزم کو رنج تھا۔ بتایا گیا ہے متاثرہ خاتون کا شوہر مزدوری کے لیے بیرون ملک مقیم ہے۔ ملزم نے خاتون کو اغوا کیا اور خانپور نہر کے قریب لا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بعد ازاں ملزم نے خاتون پر تیل چھڑک کر آگ لگائی اور نہر میں پھینک دیا۔ ریسکیو 1122 نے خاتون کو نہر سے نکال کر زخمی حالت میں میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کالے اوتاڑ کے رہائشی نے پولیس تھانہ کھڈیاں میں درخواست دی ہے کہ میرا بھانجا ضروری کام کیلئے جارہا تھا ملزم عبدالغفار اسے مکئی کی فصلوں میں لے گیا اور اسے جنسی تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ تتلے عالی سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں ماڑی بھنڈراں میں سات سالہ بچہ مدرسہ سے واپس آرہا تھا عارف گوجر نے اسے اپنی حویلی میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس فیصل ٹائون نے 13 سالہ بچے سے زیادتی کاملزم گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم وقاص عزیز نے بچے کو اپنے فلیٹ پر بلا کر نشانہ بنایا تھا۔ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔