پہلا یورپی یونین پاکستان بزنس فورم پرسوں اسلام آباد میں ہو گا
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) یورپین یونین پاکستان بزنس فورم کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ پہلے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کا آغاز 8 ستمبر کو ہو گا۔ وزیراعظم کے معاون برائے کامرس عبدالرزاق دائود اس فورم میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ یورپین یونین کی پاکستان میں تعینات سفیر اندروللہ کمینارا نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستانی کاروباری اداروں کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ یورپی یونین پاکستان بزنس فورم فار سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کی افتتاحی تقریب میں مقامی ایس ایم ایز کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ ان میں چار اہم شعبے جواہرات، زیورات اور کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دستکاری اور فیشن شامل ہیں۔ سیر و سیاحت کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے پہلے سیشن کے دوران شرکاء کو یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سکیم سے فائدہ اٹھانے کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ اس سال کے آخر میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے بعد کے اجلاسوں میں زرعی اور آٹو پارٹس مینوفیکچررز سمیت مزید شعبوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے پہلے مرحلے کے بعد اس سال کے آخر میں لاہور اور کراچی میں بھی ایسے فورمز منعقد ہوں گے۔