اسلام آباد، زیر حراست 15 سالہ لڑکے کی پھندا لگی نعش ملنے پر کھلبلی
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)تھانہ لوہی بھیر کی حوالات میں پراسرار طور پر زیر حراست 15 سالہ لڑکے کی پھندا لگی نعش ملنے پر کھلبلی مچ گئی پولیس نے واقعہ کو خود کشی قرار دیا اور مؤقف پیش کیا کہ15 سالہ خان شیرین سکنہ افغانستان رہزنی کی واردات میں گرفتاری پر حوالات میں بند تھا جس نے چھت سے نکلے ہوئے لوہے کے سریئے پر ازار بند باندھ کر خود کشی کرلی ہے جس کی نعش پوسٹمارٹم کیلئے پمس ہسپتال منتقل کردی گئی جہاں پولیس کی بھاری نفری لگادی گئی یہ تشدد کا واقعہ ہے یا خود کشی کا اس حوالے سے پوسٹمارٹم رپورٹ آنے پر تفتیش کی جائے گی متوفی کے بھائی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ پولیس زبردستی بھائی کی نعش ہسپتال لے کر گئی ہے ہمارے پیچھے پولیس کی تین گاڑیاں لگی رہیں لیکن ہم ہسپتال نہیں جانا چاہتے تھے بلکہ تھانے میں پوچھنا چاہتے تھے کہ ہمارے بچے پر کیوں ظلم کیا گیا ہے کیا ہم انسان نہیں ہیں ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔