• news

کرونا،61اموات،تشویشناک مریضوں کیلئے ایکٹمیرا انجکشن کی دنیا بھر میں قلت

اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے مزید3 ہزار747 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید61 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید2 ہزار940 مریض شفایاب ہو گئے۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح6 اعشاریہ4 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں  وائرس کے اب تک26 ہزار175 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد11 لاکھ79 ہزار305 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں وائرس کے92 ہزار249 مریض زیرِ علاج ہیں۔ جن میں سے5 ہزار506 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک4 لاکھ1 ہزار373 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو12 ہزار39 ہو چکی ہیں۔ خیبرپی کے میں وائرس کے مریضوں کی تعداد1 لاکھ64 ہزار732 ہو چکی ہے۔ جبکہ اس سے یہاں کل اموات5 ہزار87 ہو گئیں۔ آکسیجن پر موجود تشویشناک مریضوں کی جان بچانیوالی دوا ایکٹیمرا انجکشن کی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں کمی ہوگئی۔ جس کے بعد اب مختلف ممالک میں ریگولیٹری اداروں نے ڈاکٹروں کو ایکٹیمرا انجکشن کے متبادل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایکٹیمرا (ٹوسیلوزومیب) انجکشن اور ڈیکسا میتھا سون (سٹیرائیڈ)کا اکٹھا استعمال مریضوں میں اموات کی شرح کو کم کرنے میں موثر رہا ہے۔ یہ دوا ایسے مریضوں میں استعمال کی جاتی رہی ہے جن کے پھیپھڑے کرونا سے بری طرح متاثر ہو چکے ہوں اور جنہیں فل پریشر مشینوں یا نان انویسیو وینٹیلیشن کے ذریعے آکسیجن کی ترسیل کی ضرورت ہوتی ہے۔فیصل آباد میں کرونا کے مزید 10مریض جاں بحق‘ضروری کارروائیوں کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے‘ بتایا گیا ہے کہ الائیڈ ہسپتال میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا کے داخل ہونے والے مجموعی مریضوں کی تعداد 260تک پہنچ گئی۔ جنہیں کرونا وارڈز میں طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران زیرعلاج مختلف وارڈز میں کرونا کے 10مشتبہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ شہر قائد میں کرونا مثبت کیسز کی شرح میں 4 فیصد کمی کے ساتھ کراچی پانچویں نمبر پر آگیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح 11.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اتوار کومثبت کیسز کی شرح 7.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن