• news

دھوکنہ نہ ہوتا تو حکومت گرا دیتے،ووٹنگ مشین زبر دستی مسلط کی جاری،بلاول

ملتان‘ ڈیرہ غازی خان (نوائے وقت رپورٹ‘ بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام سے حق حکمرانی ہمیشہ چھینا گیا۔ دھوکہ نہ ہوتا تو حکومت کو گرا دیتے اور نئے الیکشن ہوتے۔ پہلے پنجاب اور پھر وفاقی حکومت گرائی جاسکتی تھی۔ ہماری تجویز نہیں مانی گئی۔ اب خود میدان میں آئے ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہئے۔ نئے جذبے اور انقلابی پالیسیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ پہلے پنجاب پھر وفاقی حکومت گرائی جاسکتی تھی۔ ہمارے جتنا کام تحریک انصاف اور ن لیگ والے نہیں کرسکتے۔ بلاول بھٹو کا مظفر گڑھ بائی پاس کے مقام پر استقبال کیا گیا۔ بلاول بھٹو کو روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب کے عوام بزدار سرکار کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔ حکومت نیب اور ایف بی آر کے ڈنڈے سے ٹیکس اور ریونیو میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ سب کو چور ڈاکو سمجھا تو ملکی معیشت کون چلائے گا۔ تاجر برادری کو دشمن نہیں ساتھی سمجھیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہئے۔ سی پیک کا کوئی نقصان نہیں چاہئے۔ چین کے بھی خدشات سامنے آئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کو سازش کے تحت جنوبی پنجاب میں نقصان پہنچایا گیا۔ حکومت زبردستی ووٹنگ مشین اور اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتی ہے۔ بلاول بھٹو کا ملتان میں صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق ہمارے تحفظات ہیں، وہاں کی عوام کو انسانی حقوق ملنے چاہئیں۔ جبکہ ہمارے ملک میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہونا چاہیے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگرچہ ماضی میں میاں صاحب کو اکثریت دلوائی گئی، عمران خان کو لایا گیا مگر جنوبی پنجاب کے لئے کام صرف پی پی پی نے کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی خوشحال، ترقی پسند اور ایک جمہوری پاکستان چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں نہ عثمان بزدار کو ہٹانا چاہتی ہیں اور نہ عمران خان کی حکومت کو گرانا چاہتی ہیں۔ غیر سنجیدہ رویے کے ساتھ کوئی کامیابی نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا نواز شریف واپس آئیں‘ انہیں عوام میں ہونا چاہئے‘ آئندہ وزیراعظم جیالا ہو گا۔ ملک بچانے آئے ہیں۔ ہم سلیکٹڈ سے حساب لیں گے۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں کھوسہ ہاوئس میں عشائیہ دیا گیا۔ سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے بلاول بھٹو زرداری کا کھوسہ ہاوئس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ بلاول نے سردار ذوالفقار کھوسہ سے ملاقات کی اور موجودہ ملکی صورتحال سمیت دیگر امور پر گفتگو کی۔ بعدازاں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ عشائیہ میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ مخدوم احمد محمود‘ محترمہ نتاشا دولتانہ‘ فیصل کریم کنڈی‘ نواب زادہ افتخار احمد خان سمیت پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈروں  عہدیداروں، کارکنوں اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن