پنجاب سمیت ملک کی قسمت بدل دینگے ، بلاول ، کنٹینر والوں نے منشور پر عمل نہیں کیا : گیلانی
ملتان‘ میلسی (سپیشل رپورٹر+ این این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک وقوم کے ساتھ جوکچھ کردیا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر اس سے حساب لے گی۔ کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائیگا۔ عوام نے ذوالفقارعلی بھٹو کا ساتھ دیا تو ملک کی قسمت بدل گئی۔ شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا تو ملک نے ترقی کی۔ قائد عوام نے جو وعدے عوام سے کئے تھے ہم ان کو پورے کریں گے۔ پنجاب سمیت پورے پاکستان کی قسمت تبدیل کرکے رہیں گے۔ اگلی حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جیالے ہوں گے۔ پوزیشن لیڈر اگر پی پی پی کا ہو تو جیل‘ لاہور کا ہو تو آزاد پھر رہا ہوتا ہے، کتنا تضاد ہے۔ وہ پیر کو میلسی میں جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ بلاول نے کہاکہ پنجاب سمیت پورے پاکستان کی قسمت تبدیل کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے عوام کے ووٹ پر، جیب پر اور پیٹ پر ڈاکا ڈالا ہے، یہ سلیکٹڈ کس قسم کا عذاب بن کر آیا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ہم آمریت کا مقابلہ کرنے والے ہی عمران خان کو بھگائیں گے۔ اگلی حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جیالے ہوں گے۔ اگر صاف اور شفاف الیکشن ہوئے توپاکستان پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی اور ملک میں حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ ہم تمام سیاسی جماعتوں کوساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے ملک کا جو حشر کردیا ہے اب کوئی اکیلا اس ملک کی قسمت نہیں بدل سکتا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کسی کے نظریہ کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کومتفقہ آئین دیا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ایٹمی میزائل پروگرام لانچ کیا۔ کنٹینر پر چڑھ کر وعدے کرنے والوں نے اپنے منشور پر عمل نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی کے دور میں کسانوں کو اجناس کی عالمی قیمت ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے خلاف کالے قوانین کو مسترد کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز سیکرٹریٹ میں مسیحی برادری کے نمائندگان کی ملاقات، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وسیب میں پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی شعبے کے جنرل سیکریٹری نوید عامر جیوا کی قیادت میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسیحی برادری کے درمیان ملک میں اقلیتوں کے مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری اور این اے 155 کے آزاد امیدور انجینئر عاطف اسلم کی ملاقات، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی موجودگی میں انجینئر عاطف اسلم نے باضابطہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ بلاول بھٹو زرداری نے انجینئر عاطف اسلم کو پی پی پی کا روایتی مفلر پہنایا۔