سونا 100 روپے تولہ‘ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے مہنگا
کراچی/ لاہور (کامرس رپورٹر+این این آئی) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں فی اونس4 ڈالر کی کمی جب کہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں100 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 4 ڈالر کی کمی ہوئی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت کم ہو کر1824 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ اس کے برعکس ملکی صرافہ مارکیٹوں میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب100 روپے اور85 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ جبکہ رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بنک میں ڈالر مزید 32 پیسے مہنگا ہو گیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق انٹر بنک مارکیٹ میں ڈالر 167 روپے 23 پیسے کا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی گزشتہ روز ڈالر کی قیمت فروخت میں 20پیسے کا اضافہ ہوا اور اس کی قیمت فروخت 168.10روپے ہو گئی۔