• news

پاکستان بھارتی دہشتگردی کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھائے: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے واضح کیا ہے کہ الیکشن ہائی جیک کرنا، عوام کو فیصلہ کرنے سے محروم کرنا یا عوامی فیصلوں کو تسلیم نہ کرنا ایسے ہتھکنڈے ہیں جو ماضی میں ملک کے دولخت ہونے اور دیگر سانحات کا باعث بنے۔ قائداعظم اور شہداء پاکستان سے غداری ہوگی۔ اگر ہم ملک میں جمہوری اقدار، آزاد میڈیا، سود سے پاک معیشت، قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق نظام کی تشکیل میں ناکام ہوگئے۔ فیصلہ قوم نے کرنا ہے۔ تہتر برس گزر گئے، اب مزید وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔ ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں اندر سے ایک ہیں۔ پی ٹی آئی نے تین سال میں ملک کا جو ستیاناس کیا وہ سب کے سامنے ہیں۔ آئیے یوم دفاع کے موقع پر ملک کو عظیم بنانے کا عہدکریں۔ وہ کیپٹن حافظ کاشان علی شہید کی رہائش گاہ پر ان کے والد لیاقت علی نوید ، والدہ اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ سید علی گیلانی اس دنیا سے چلے گئے مگر وہ اپنے پیچھے لاکھوں علی گیلانی چھوڑ گئے۔ افغانستان میں بھارت کو جو زخم لگے ہیں اس کے ازالہ کے لیے اس نے کوئٹہ دھماکہ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کروا ئے اور وہ مزید ایسا کرے گا۔ پاکستان کو بھارتی دہشت گردی کا معاملہ عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے اٹھانا چاہیے۔ امیرجماعت نے حالیہ دھماکوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لیے دعا کی۔ اس حکومت نے ایک جانب ایکسیلیٹر کو پورا دبایا ہوا ہے جب کہ دوسری جانب گاڑی کی پوری بریک بھی لگائی ہوئی ہے۔ سراج الحق نے عالمی یوم ختم نبوت کے موقع پر بانی جماعت سید ابوالاعلیٰ مودودی، علمائے اکرام ، اکابرین امت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ عہد کیا کہ جماعت اسلامی پوری دنیا میں خاتم النیبین محمد رسول اللہ کی حرمت اور تقدس کی حفاظت کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ سیکولرازم کے ایجنٹوں اور مغربی اور قادیانی لابیز کی عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازشوں سے باخبر رہیں۔ اسلامی سراج الحق نے کشمیر میڈیا سروس کے چیف ایڈیٹر اور اسلامی جمعیت طلبہ مقبوضہ کشمیر کے سابق ناظم اعلیٰ تجمل الاسلام کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ہے۔ مرحوم کی مغفرت اورخاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، نائب امراء لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، پروفیسر ابراہیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دیگر قیادت نے نے تجمل الاسلام کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ تجمل الاسلام کچھ عرصہ سے کرونا کے مرض میں مبتلا تھے۔ اْن کا شمار کشمیر کے نامور دانشوروں میں ہوتا تھا۔ ڈاکٹر ایوب ٹھاکر اور تجمل الاسلام نے کئی عشرے قبل جلاوطنی اختیار کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن