اپوزیشن لانگ مارچ کرے یا احتجاج الیکشن 2023ء میں ہونگے: گورنر پنجاب
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن لانگ مارچ کرے یا احتجاج ملک میں عام انتخابات 2023ء میں ہی ہوں گے۔ ہم نے تمام تر توجہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر فوکس کر رکھی ہے۔ ملکی ترقی، استحکام اور امن کے قیام کیلئے حکومت اور افواج پاکستان سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو سب سے پہلے ملکی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔ وہ سوموار کے روز گورنر ہائوس لاہور میںاخوت اور چغتائی لیب کے زیر اہتمام موبائل لائبریری کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جب بھی دشمن نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی افواج اور عوام نے ملکر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان نے سب سے زیادہ کردار ادا کیا ہے اور آج بھی وہاں امن کیلئے پاکستان مکمل نیک نیتی کیساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور افغانستان میں امن سے صرف پاکستان کو ہی نہیں پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ اْنہوں نے کہا کہ امر یکہ سمیت عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ امن کیخلاف بھارتی سازشوں کا نوٹس لے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کشمیر میں ہونیوالے بھارتی مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہیں۔ انشاء اللہ وہ وقت بھی دور نہیں جب کشمیریوں کو بھی بھارتی مظالم سے نجات ملے گی اور کشمیریوں کو آزادی نصیب ہوگی۔