• news

کرونا ، 98اموات، 30ستمبر تک تعلیمی ادارے بند کر نیکی بات غلط

اسلام آباد+لاہور (نامہ نگار/ سٹی رپورٹر) این سی او سی نے سوشل میڈیا پر تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 3 ہزار 316کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 98افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3ہزار 270مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6اعشاریہ 33فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 لاکھ 88 ہزار 432 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کل 6 کروڑ 17 لاکھ 24 ہزار 580 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ اب تک 1 کروڑ 94 لاکھ 27 ہزار 419 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سوشل میڈیا پر تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں 6تا 30ستمبر تعلیمی اداروں کی بندش کی بات میں کوئی صداقت نہیں۔ اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ زمبابوے نے ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کو آخری انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ویکسین لگوائیں یا پھر نوکری چھوڑ دیں۔ ہانگ کانگ نے 15 ستمبر سے قرنطینہ کے شرائط نرم کرتے ہوئے چین کے رہائشیوں کو داخل ہونے کی اجازت دے دی۔ ویتنام میں کرونا وائرس پھیلانے والے شخص کو 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کرونا کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق کرونا سے مزید 45 اموات ہوئیں جبکہ اتوار کو 68 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ گلوبل ایجوکیشن مانیٹرنگ رپورٹ یونیسکو کے مطابق برطانیہ میں کووڈ 19 کے باعث پڑنے والے معاشی اثرات کی وجہ سے خدشہ ہے کہ ایک کروڑ سے ایک کروڑ 60 لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں۔لاہور سے سٹی رپورٹر کے مطابق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے صوبہ  بھر میں ویکسینیشن کا ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن