فضائیہ خطے کی صور تحال سے با خبر ، دفا ع کیلئے مکمل تیار
اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی )براہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے باخبرہے ۔ ملک کے دفاع کے لئے مکمل تیار ہیں۔ منگل کو پاک فضائیہ نے ملک بھرمیں اپنے تمام ایئربیسز اور تنصیبات پر07 ستمبر یوم شہدا کے طورپرمنا یا ۔ اس دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے مرکزی تقریب ایئرہیڈ کوارٹرزاسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ 07 ستمبر کے یادگاراورتاریخی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ بے مثال بہادری کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہا اور عظیم مقصد کے لئے دوسروں سے آگے بڑھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ایئرچیف نے کہا کہ فضائیہ پاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیارہے۔ اس خاص دن کے موقع پر انہوں نے ان تمام کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر لڑتے ہو ئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، افسران، ائیر مین اور سویلینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس (نشان حیدر) کی قبر پر ایئر وائس مارشل زعیم افضل، ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ایئر کمانڈ نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہداء کی قبروں پر بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی گئیں۔