8 ستمبر شہدائ‘ غازیوں کے دلیرانہ کارناموں کی یاد دلاتی ہے: سربراہ بحریہ
کراچی (اے پی پی) یوم پاک بحریہ2021 ء کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پیغام میں کہا ہے کہ8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے جو کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے شہداء اور غازیوں کے دلیرانہ کارناموں اور غیر معمولی بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ جو اللہ پر کامل بھروسے کے ذریعے جوانمردی سے لڑے۔ یہ دن ہماری بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر رقم، آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر و ترغیب ہے۔ اعلامیہ کے مطابق7 اور8 ستمبر1965 ء کی شب پاک بحریہ کے 7 جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے'' آپریشن سومنات''' کے دوران بھارت کی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔ اہم ساحلی تنصیبات بشمول بھارتی راڈار سٹیشن اور ریڈیو بیکن کو تباہ کیا خطے اور عالمی سمندروں میں امن و استحکام کے لیے پاکستان نیوی عالمی بحری افواج کے اتحادی کے طور پر مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی اقدامات میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔ نیوی کے آفیسرز، سی پی اوز، سیلرز اور سویلئنز اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھارت کے ساتھ غیر قانونی الحاق کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔