مصنوعی ٹانگ کی تیاری میں تاخیر ‘شہری نے کمپنی کیخلاف 10لاکھ روپے ہرجانے کادعویٰ دائر کردیا
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے ) صارف عدالت میں نجی کمپنی کیخلاف شہری حسنین مہدی نے 10 لاکھ کا دعویٰ دائر کردیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ بیٹی کو کینسر کی شکایت ہوئی، ڈاکٹر نے زندگی بچانے کیلئے ٹانگ کاٹ دی۔ بیٹی کی مصنوعی ٹانگ بنوانے کیلئے نجی کمپنی سے رجوع کیا ۔ مصنوعی ٹانگ 5 لاکھ 28 ہزار کے عوض ایک ماہ میں تیار کرنے کا معاہدہ کیا گیا ۔ ادارے کو ایڈونس 2 لاکھ 50 ہزار فراہم کیے لیکن ایک ماہ میں مصنوعی ٹانگ تیار نہ ہوئی ۔بیٹی مصنوعی ٹانگ نہ لگنے کے باعث ڈپریشن کا شکار ہوئی اور 27 مارچ 2021 کو فوت ہوگئی ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ وہ مصنوعی ٹانگ بروقت تیار نہ کرنے پر کمپنی کو 10 لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم د ے ۔عدالت مصنوعی ٹانگ بنانے کے عوض 5 لاکھ 28 ہزار بھی واپس کرنے کا حکم دے عدالت نے کمپنی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 ستمبر کو جواب طلب کرلیا۔