قرآن ایکٹ کی منظوری سے نئی نسل میں بے زاہ روی رکے گی: پرویز الہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ڈپٹی سپیکر خیبر پی کے اسمبلی محمود جان، خیبرپی کے کے وزیر محنت شوکت علی یوسف زئی اور وزیر ہائیر ایجوکیشن کامران بنگش کی قیادت میں دس رکنی پارلیمانی وفد نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ وفد میں ارکان اسمبلی ڈاکٹر سمیرا شمس، مدیحہ نثار، آسیہ صالح خٹک، سیدہ ندرت، صائمہ غذان، عابداللہ اور طاہرہ کلیم شامل تھے۔ جبکہ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر گفتگو اور صوبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کیلئے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر خیبر پی کے اسمبلی محمود جان نے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو قرآن ایکٹ پاس کروانے اور پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ و ایوان کے فعال ہونے پر مبارکباد دی۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قرآن ایکٹ پاس کرنے سے آنے والی نسلیں قرآن شریف اور سیرت النبیﷺ پڑھیں گی اور بے راہ روی نہیں ہو سکے گی۔ نئی بلڈنگ میں آویزاں کی گئی قرآن مجید کی آیات اور احادیث مبارکہ کا انتخاب کیا۔ ختم نبوتﷺ کے حوالے سے آیات و احادیث درج کرنا اور پاکستان بنانے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنا نئی عمارت کا خاصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے دور کے ترقیاتی کام نہ روکے جاتے تو آج پنجاب ایک مثالی صوبہ ہوتا۔ شہباز شریف نے پنجاب میں ہمارے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں کو بند کر دیا۔ اب ان کی لاگت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ ڈپٹی سپیکر خیبر پی کے اسمبلی محمود جان نے چودھری پرویزالٰہی دور کے عوامی فلاحی منصوبوں کی تعریف کی۔