• news

یوم بحریہ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا

کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) یوم بحریہ انتہائی ملی جوش و جذبے سے منایا  گیا۔ پاک بحریہ نے یومِ بحریہ کے موقع پر خصوصی ویڈیوز بھی جاری کر دی۔ ویڈیوز میں آٹھ ستمبر 1965 کی داستانِ شجاعت کو بیان کیا گیا ہے۔1965 کی جنگ میں بری اور فضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔ طیارہ بردار جہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی تھی۔پاکستان کی واحد آبدوز غازی نے اپنے نام کی لاج رکھتے ہوئے غازی رہ کر وہ کارنامہ انجام دیا کہ دنیا آج تک حیران ہے۔ غازی آبدوز نے تن تنہا بھارتی بیڑے کو عالمی سمندر میں پیش قدمی سے روکے رکھا۔ آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر لرزہ طاری کیا اور کموڈور ایس ایم انور کی زیر قیادت دشمن کے چھکے چھڑا دیے۔یہی وجہ ہے کہ دشمن آج تک 1965ء کی جنگ کے بعد بحری محاذ پر کسی کارروائی کی جرأت نہیں کر سکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن