• news

 نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز قومی سپورٹ سٹاف کا اعلان 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے سپورٹ سٹاف کا اعلان کر دیا گیا۔ منصور رانا ٹیم منیجر، ثقلین مشتاق ہیڈ کوچ اور شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ ‘عبدالرزاق اسسٹنٹ کوچ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ، کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ، ڈرائکس سائمن سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ہونگے۔ طلحہ اعجاز ٹیم اینالسٹ مقرر کیے گئے، عمران ڈار سکیورٹی منیجر، ابراہیم بادیس ٹیم میڈیا منیجر اور ملنگ علی مساجر مقرر کیے گئے۔ قومی ون ڈے سکواڈ اسلام آباد پہنچ گیا ، کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف بذریعہ بس روانہ ہوئے۔ کھلاڑیوں میں فہیم اشرف، حسن علی، محمد حسنین اور محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، افتخار احمد، شاہنواز دھانی، زاہد محمود، محمد حارث شامل ہیں۔بابر اعظم، امام الحق، شاداب، محمد رضوان و دیگر کھلاڑی پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔چیف ایگزیکٹو  وسیم خان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی رمیز راجہ سے ملاقات مثبت رہی ہے۔  قومی ٹیم کے ماحول سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹس گردش کر رہی ہیں۔آئندہ بین الاقوامی اسائنمنٹس کیلئے سکواڈ کا اعلان کیا جاچکا ہے اور اس سلسلے میں جو سمت اختیار کی گئی ہے کپتان بابر اعظم مکمل طور پر اس کے پیچھے کھڑے ہیں۔ کچھ کھلاڑیوں نے  رمیز راجہ کیساتھ ملاقات کی  جو بہت صحت مندانہ اور مثبت رہی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ آئندہ سیریز میں کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔ لازم ہے کہ ہم سب مل کر اس سکواڈ کو مستحکم کریں اور اس کی مکمل پشت پناہی کریں تاکہ اس کی تمام تر توجہ آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن