بیجنگ:چین آسیان ایکسپوآج ، پاکستان خصوصی شراکت دار‘صدر وڈیو لنک سے خطاب کرینگے
اسلام آباد، بیجنگ(آئی این پی ) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی رواں سال چین آسیان ایکسپو (سی اے ایکسپو)کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب کریں گے اور چین میں تعینات پاکستانی سفیر معین الحق(آج) جمعہ کو اس میں شرکت کریں گے۔یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان ایک خصوصی شراکت دار ملک کی حیثیت سے چین آسیان ایکسپو میںشرکت کر رہا ہے، یہ دونوں ممالک کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چین آسیان ایکسپو سیکرٹریٹ کے سیکرٹری جنرل وانگ لی نے سی ای این کو بتایا کہ 18 ویں سی اے ایکسپو 10 سے 13 ستمبر تک چین کے شہر ناننگ میں منعقد ہو گی جس میں دوسری بار فزیکل اور آن لائن مخلوط ماڈل اپنایا گیا ہے ، جس کا موضوع '' نیو لینڈ۔ سی کوریڈور اور چین ۔آسیان کمیونٹی کے مشترکہ کی تعمیر کے تحت پیدا ہونے والے مواقعوں کا اشتراک '' ہے ۔ سی اے ایکسپو نے چین ، آسیان اور دیگر ''بیلٹ اینڈ روڈ'' ممالک کے مابین تبادلے اور تعاون کی ایک اہم کھڑکی کے طور پر پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق گزشتہ سال صدر پاکستان عارف علوی نے 17 ویں سی اے ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب میں کہا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے معجزات پیدا کیے ۔ پاکستان اور آسیان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی وجہ سے وہ امید کر تے ہیں کہ تمام فریق پاک چین آسیان ٹریڈ ٹرائینگل کے قیام کی فزیبلٹی تلاش کر سکتے ہیں۔ آج کل چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار، درآمدات کا سب سے بڑا ذریعہ اور دوسری بڑی برآمدی منزل بن چکا ہے۔دوسری جانب رواں سال اگست میں پاکستان کی چین کو برآمدات 197.27 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو اگست 2020 میں 94.4 ملین ڈالر تھیں۔ گوادر پرو کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی چین کو برآمدات میں109 فیصد اضافہ ہوا۔ اس میں کہا گیا کہ چین پاکستان کے لیے برآمدات کا دوسرا بڑا مقام بن گیا ہے۔ اس مہینے کے دوران پاکستان کی امریکہ ، برطانیہ ، ہالینڈ ، جرمنی اور اسپین کو بھی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، لیکن چین کو برآمدات میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستان کی امریکہ اور سپین کو برآمدات میں 60 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ہالینڈ نے اس عرصے کے دوران پاکستان سے 46 فیصد زیادہ سامان اور سروسز درآمد کیں۔ بیجنگ نے اسلام آباد کو اپ گریڈ شدہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ(ایف ٹی اے 2) کے تحت کئی مراعات دی ہیں جو یکم جنوری 2020 سے نافذ ہیں جس کے بعد چین کو پاکستان کی برآمدات مسلسل بڑھ رہی ہیں ۔ ایف ٹی اے 2 کے تحت چین نے پاکستان سے 313 بڑی برآمدی اشیا پر ٹیرف ختم کر دیا۔