• news

ایسا قانون چاہتے جس کا حکومت بھی غلط استعمال نہ کرے: فواد چودھری 

اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایسا قانون چاہتے ہیں جس کا حکومت بھی غلط استعمال نہ کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میڈیا اتھارٹی بل سے سب کو فائدہ ہو گا۔ جبکہ میڈیا اتھارٹی بل کے فریم ورک پر کام کیا اور میڈیا نمائندو ں میں تقسیم کیا ہے۔ میڈیا اتھارٹی بل سے فیک نیوز پر قابو پایا جا سکے گا۔ جبکہ میڈیا ٹریبونلز کے لیے میڈیا نمائندوں سے تجاویز مانگی ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے فواد حسین کے ساتھ فنانس ڈویژن میں ملاقات  کی۔ ملکی فلمی صنعت اور اس کی زبوں حالی کا معاملہ زیر بحث آیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین نے  کہا کہ پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کے لئے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے مکمل تعاون کیا جائے  گا۔ کیونکہ سنیما کی بحالی جہاں   لوگوں کے لئے تفریح کے راستے بھی کھولے گی وہاں ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے  اپنی مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے مقامی پروڈیوسروں اور فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی سے اپنی بقا کی جدوجہد کرنے والی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کیا جائے جو کوویڈ19 وبائی امراض کی وجہ سے تقریبا بند ہونے کے دہانے پر ہے۔ ٹیکس کی مختلف مراعات کے ذریعے حوصلہ دیا جانا چاہئے تاکہ ملک میں سینما انڈسٹری پروان چڑھ سکے۔

ای پیپر-دی نیشن