• news

بارش : کراچی میں ماں 3 بچوں سمیت 7 جاں بحق 

لاہور،کراچی، قصور، سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) لاہور‘ قصور سمیت مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی وقفہ وقفہ سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ کئی علاقوں میں بجلی بھی معطل رہی جبکہ کراچی میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے خاتون اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔ کرنٹ لگنے سے 2 افراد چل بسے‘ موٹر سائیکل پھسلنے سے خاتون جاں سے گئی۔ کراچی سے وقائع نگار/ عطاء اللہ ابڑو کے مطابق گجرات سے آنیوالا مون سون کا سسٹم کراچی پہنچ گیا۔ شہر میں 58 ملی میٹر بارش سے شہری نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ سرجانی میں سیلابی کیفیت بجلی اورنگی ٹائون تا قصبہ کالونی تیز بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ملبے کے نیچے دب کر ماں اور تین بچے ہلاک ہو گئے۔ بارش کے باعث دیگر حادثات میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ بجلی کے تعطل پر مختلف علاقوں میں ہنگامے بھی ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ دو دن جاری رہے گا۔ دوسری جانب ناظم آباد میں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 45 سالہ انیلا جاں بحق، شوہر 50 سالہ اسلم زخمی ہو گیا۔ گلشن معمار بنگالی موڑ کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے 22 سالہ نوجوان محمد عرفان  ہلاک ہو گیا۔ جبکہ بلدیہ ٹائون عابدہ آباد میں گھر کے اندر ضعیف العمر شخص کرنٹ سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 70 سالہ دوست محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ رات بارش کے باعث قصبہ میانی میں مکان کی کچی چھت گر گئی۔ جس سے ایک ہی خاندان کے چار افراد زخمی ہو گئے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ مختلف علاقوں میں پانی جمع، شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ گلیاں، محلے جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگے جس سے میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔

ای پیپر-دی نیشن