• news

مسلم لیگ ن ہر فورم پر تاجروں کے جائز مطالبات کیلئے آواز اٹھائے گی : شہباز شریف 

لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے  آل پاکستان انجمن تاجران کو ان کے جائز مسائل کے حل کیلئے اپوزیشن کی  ہر ممکن مدد و تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔  آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر سے اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ نعیم میر نے کہا کہ انجمن تاجران نے ایف بی آر کے ساتھ ٹیکس مسائل کے حل کے لئے اپوزیشن سے مدد مانگی ہے اور اپوزیشن لیڈر کو اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ جس کا انہیں مثبت جواب ملا ہے۔ تاجروں کو   ایف بی آر کی بدسلوکی اور ظلم سے بچایا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر فورم پر ان کے جائز مطالبات کے لئے آواز اٹھائے گی اور تاجر نمائندے پوری تیاری کے ساتھ وفاقی دارالحکومت میں آئیں اور تفصیلی طور پر اپنا نکتہ نظر پیش کریں۔ ایف بی آر کے ساتھ ان کے معاملات میں بہتری لانے کے لئے قومی اسمبلی اور سینٹ جن جن کمیٹیوں میں حزب اختلاف کے نمائندے موجود ہیں وہ بھی تاجروں کی تکالیف کے ازالہ کے لئے ان کی تجاویز کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں  گے۔ شہباز شریف نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ  غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں ملک میں مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ جس سے عام آدمی کے ساتھ تاجروں کا کاروبار بھی متاثر ہوا ہے۔ اس موقع پر آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکرٹری نعیم میر نے کہا کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروبار میں 30 سے 40 فیصد تک کمی آچکی ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت آئی ایم ایف کی پا لسیوں پر اندھا دھند عمل کر کے مہنگا ئی میں اضافہ کر رہی ہے۔ جس پر ہر پاکستانی کو تشویش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر  آئندہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ملک گیر تاجر وفد سے ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن