ڈائریکٹر سی آئی اے کی ملاقات مستحکم ، خوشحال افغانستان کیلئے پر عزم : جنرل باجوہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم جوزف برنس نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات کے موقع پر آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی اور افغانستان کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لئے پرعزم ہے۔ جبکہ سی آئی اے کے سربراہ نے پاکستان کے افغانستان میں کردار اور انخلا کے اقدامات کو سراہا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ولیم جوزف برنس نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ پاکستانی حکام کی جانب سے اعادہ کیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن سے متعلق تعاون کے لیے پرعزم ہے۔