ہائیکورٹ سے سزائے موت کے 9 ملزم بری‘ 2 کی سزا عمر قید میں تبدیل
ملتان (سپیشل رپورٹر) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ملتان بینچ میں قائم کردہ مسٹر جسٹس صداقت علی خان اور مسٹر جسٹس شہرام سرور چوہدری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے گزشتہ روز 12 مختلف قتل کے مقدمات میں سزا پانے والے ملزمان کی اپیلوں کی سماعت کی۔ عدالت عالیہ نے سزائے موت کے 9 قیدیوں کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا جبکہ 2 ملزمان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا۔ چھ اپیلوں کی سماعت 13 ستمبر کو ہو گی جبکہ بریت کے خلاف دائر اپیلوں کو خارج بھی کر دیا گیا بری ہونے والے ملزمان میں محمد اکرام، محمد عمران، خضر، غلام یاسین، آصف محمود، وزیراحمد حق نواز، عابد حسین اور گلفام شامل ہیں جبکہ ملزمان کریم بخش، محمد قاسم، قیصر عباس، محمد اختر، محمد یاسر، جاوید اور اظہر مسعود کی اپیلوں کی سماعت 13 ستمبر کو ہو گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران سپیشل ڈویژن بینچ نے 37 موت کے قیدیوں کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا جبکہ سزائے موت کے 8 ملزمان کی سزا میں کمی کرتے ہوئے عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا۔