• news

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے متحدہ عرب امارات کے سفیرکی ملاقات

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبید ابراہیم الذابی نے جمعرات کو ملاقات کی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،  کینکٹوٹی اور اسپیکٹرم آکشن کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ملاقات میں فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف میدان خصوصا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر تعاون کو وسعت دینا بہت اہم ہے، آئی ٹی برآمدات کے اضافہ کے لیئے کوشاں ہیں،  گزشتہ مالی سال میں ہماری آئی ٹی برآمدات میں 47.43  فی صد اضافہ ہوا۔ وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافہ کا خواہاں ہیں،16 ستمبر کو ایڈیشنل اسپیکٹرم کی نیلامی ہونے جا رہی ہے، ملک میں ٹیلی کام سروسز کی موثر انداز میں فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر حامد عبید ابراہیم نے کہا  متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی کے میدان میں مکمل تعاون کریں گے،آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لیئے وزارت آئی ٹی کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کو دبئی میں 22 تا 23 نومبر کو ہونے والے "گلوبل مینوفیکچرنگ اینڈ انڈسڑیلائزیشن سمٹ"  میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی نے دعوت قبول کر لی۔ملاقات میں وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن