• news

وزیراعظم عافیہ صدیقی کی رہائی کا وعدہ بھول گئے‘ امریکہ سے دو ٹوک بات کریں: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے دیگر وعدوں کی طرح امریکی جیل میں قید قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کا وعدہ بھی بھول گئے ہیں۔ موجودہ حالات میں ان کی رہائی کے حوالے سے مواقع میسر آئے ہیں حکومت ان کو ضائع نہ کرے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی گرفتاری اور پھر امریکہ کے حوالے کرنا جیسا شرمناک اور درد ناک واقعہ نہ صرف ملک کی 73سالہ بلکہ امت کی تاریخ میں نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  کراچی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ کی عیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اسد اللہ بھٹو،  محمد حسین محنتی، حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر مسلم پرویز،  منعم ظفر خان،  یونس بارائی،  زاہد عسکری بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا  موجودہ حالات میں حکومت پہلے کی طرح ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے کو غیر سنجیدہ نہ لے اور سنی ان سنی نہ کرے۔ امریکہ سے سنجیدہ اور دو ٹوک بات کرے۔  ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی کو بھی اس پیکیج میں شامل کیا جائے۔ پرویز مشرف نے اپنی کتاب میں بھی اعتراف کیا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے ڈالروں کے عوض امریکہ کے حوالے کیا گیا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پرویز مشرف کے اس اعتراف کے حوالے سے ایک کمشن قائم کیا جائے اور فروخت شدہ لوگوں کو واپس لایا اور ان کے ساتھ ہمارے اپنے قانون اور عدالتوں کے مطابق سلوک کیا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن