• news

راولپنڈی ، گاڑی پر فائرنگ ، ایڈ یشنل آئی جی موٹر وے زخمی، بھائی جاں بحق

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ نصیر آباد کے علاقہ فتح جنگ انٹر چینج پر ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس سجاد افضل آفریدی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے ایڈیشنل آئی جی موٹر وے کے بھائی نعمان افضل آفریدی جاں بحق ہو گئے۔ مقتول بھی ڈی ایم جی افسر تھے۔ جبکہ ایڈیشنل آئی جی موٹر وے پولیس سجاد افضل آفریدی شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر راولپنڈی پولیس کے سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے۔ ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس سجاد افضل آفریدی کو دو گولیاں لگیں جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ موٹر وے پولیس کے مطابق کرولا گاڑی میں ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس سجاد افضل آفریدی M.1 پر ایک مشکوک گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے۔ ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ وقوعہ کے وقت ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس سجاد افضل آفریدی کے بھائی نعمان افضل آفریدی جو پاکستان ایڈمنسٹریشن سروس کے افسر ہیں ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔ وہ فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے شواہد محفوظ بنا لئے۔ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن