وزرا کا الیکشن کمشن کو دھمکانا دہشت گردی : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے سینٹ کی پارلیمانی امور کی کمیٹی میں حکومتی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ الیکڑانک ووٹنگ مشین کا آئیڈیا مسترد کرنے پر حکومت دھمکیوں پر اتر آئی ہے۔ حکومت کے پاس الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے دلیل نہیں دھمکی ہے۔ الیکشن کمشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے ٹھوس اور واضح فنی، تکنیکی اور قانونی اعتراضات اٹھائے اور شفافیت کے مسائل کی نشاندہی کی جن کا حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ پہلے پارلیمان میں قانون سازی کو بلڈوز کیا گیا اور اب حکومتی رویئے پر الیکشن کمشن کے نمائندوں کو واک آؤٹ کرنا پڑا۔ وزراء کی اداروں کو آگ لگانے اور ان کے جہنم میں جانے کی گفتگو ریاست دشمن رویہ ہے۔ یہ رویہ دہشت گردانہ اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ اعتراضات پر معقول جواب دینے کے بجائے دھمکانا پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کا خاص وطیرہ ہے۔ الیکشن کمشن ارکان کا وزراء کے رویئے پر واک آؤٹ کرنے سے حکومتی رویے کا پتہ چلتا ہے۔ جو حکومت کمیٹی اجلاس میں ارکان کے سوالات پر معقول جواب نہ دے پائے، اس کی قانوں سازی اور دعووں پر کیسے یقین کیا جاسکتا ہے۔ جو حکومت کمیٹی کے اجلاس میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر سکتی وہ انتخابی و انتظامی اصلاحات کا سنجیدہ کام کیسے کر سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات پر 100 سے زائد مشاورتی اجلاس بلائے تھے۔ موجودہ حکومت کا ایک اجلاس میں یہ حال ہے۔ ان کی مشاورت یہ ہے کہ اپوزیشن سوال پوچھے تو جیل میں بند کر دو۔ میڈیا کی زبان بندی کر دو۔