• news

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ‘آسٹریلوی کپتان نے افغانستان کی شرکت خطرے میں قرار دیدی

لاہور(سپورٹس ڈیسک )آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے افغانستان کی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت خطرے میں قرار دیدی۔آسٹریلوی کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے خواتین کرکٹ ٹیم ختم کیے جانے کے اعلان کے بعد نومبر میں افغانستان کی ٹیسٹ میچ میں میزبانی کیلئے حالات قطعی طور پر سازگار نظر نہیں آتے جبکہ اس ضمن میں آئی سی سی کی جانب سے کوئی بات سننے میں نہیں آئی ہے، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ بہت قریب ہے لہذا آئی سی سی کا کوئی واضح موقف نہ آنا حیران کن ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ اس ایک ماہ میں کیا ہوتا ہے، کیا افغانستان کی ٹیم اس ایونٹ میں شرکت بھی کرتی ہے یا نہیں، اگر ٹیمیں ان کے خلاف کھیلنے اور میزبانی سے انکار کر رہی ہیں تو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ان کی شرکت بھی بہت مشکل نظر آتی ہے، میرا نہیں خیال کہ آسٹریلیا ملک کی نصف آبادی کو کھیلنے کے حق سے محروم کرنیوالے ملک کیساتھ کرکٹ تعلقات برقرار رکھنا چاہے گا۔ہمارے تمام کھلاڑی کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کو مکمل طور پر سپورٹ کرتے ہیں اور اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ اس معاملے پر ورلڈ کپ کے موقع پر ٹیمیں ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کے حوالے سے بات کریں گی۔ اگر ٹیمیں افغانستان کیساتھ کھیلنے سے انکار کر دیں اور حکومتیں انہیں اپنے علاقے میں آنے کی اجازت نہ دیں تو کس طرح سے کوئی بھی ٹیم آئی سی سی ایونٹ میں شریک ہو سکتی ہے۔ برابری اور خواتین کے حقوق ہوبارٹ میں شیڈول ٹیسٹ سے بہت زیادہ اہم ہیں، طالبان خواتین کو ہر قسم کے سپورٹس سے روک رہے ہیں جس کے آئی سی سی کی سطح پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن