• news

سندھ اسمبلی میں قائداعظمؒ‘ علی گیلانی‘ عطاء مینگل کیلئے دعا 

کراچی (این این آئی) سندھ اسمبلی میں وقفہ سوالات کا جواب دیتے ہوئے سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ڈائریا کے علاج کے لئے سندھ کے ہر سرکاری ہسپتال میں ادویات موجود ہیں۔ یہ بات بالکل غلط ہے کہ ڈائریا کنٹرول پروگرام کا ستیاناس ہوگیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ ہیلتھ کمیشن میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لیے انٹرویو کمیٹی ہوتی ہے۔ جس کے نام باقاعدہ شارٹ لسٹ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کا کام عطائی کلینکس کو بند کرنا ہے۔ ہم کمیشن کو مضبوط کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر جی ڈی اے کی رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس سب کچھ ہے، لیکن کام کرنے کی خواہش نہیں ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کی رکن ثروت فاطمہ نے اپنے توجہ دلائو  نوٹس میں اس امر کی جانب توجہ دلائی کہ لاک ڈائون کے دوران تمام سرکاری و غیر سرکاری سکول بند تھے، لیکن نجی سکول مافیا کی جانب سے لاک ڈائون کے دوران طلبہ کی داخلہ کے تسلسل میں بھاری فیسیں وصول کی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اپوزیشن ہمیں تجاویز دیں کہ ہم کیسے بہتر کریں۔ جن سکولوں نے اس پر عمل نہیں کیا ان کے خلاف ایکشن ضرور لیں گے تاہم کچھ والدین عدالت میں چلے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے محمد ریاض حیدر نے اپنے توجہ دلائو نوٹس میں کہا کہ حکومت سندھ شہر میں غیر قانونی کنسٹرکشن کو روکنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اور شہر میں تمام غیر قانونی تعمیرات سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی نااہلی کی وجہ سے ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مہران ٹائون کا حادثہ نہ ہوتا تو ایس بی سی اے کا چہرہ عیاں نہ ہوتا۔ وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ اگر ان کو اتنا درد تھا تو یہ اپنی بات چائنہ کٹنگ سے شروع کرتے۔ پارلیمانی سیکرٹری سلیم بلوچ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ غیر قانونی تعمیرات ہوئی ہیں۔ تحریک انصاف کے جمال صدیقی نے اپنے توجہ دلائو  نوٹس میں کہا کہ سندھ میں خصوصاً کراچی شہر میں برساتی نالوں کی صفائی کی صورتحال بہت خراب ہے۔ توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں پارلیمانی سکریٹری بلدیات سلیم بلوچ نے کہا کہ اس شہر میں کے ایم سی کے نالوں کے ساتھ ڈی ایم سی کے نالے بھی ہیں۔ مئی میں کام شروع ہوچکا تھا۔ اس کا رزلٹ آپ کو سمجھ نہیں آیا۔ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کام اب کام کررہا ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری سلیم بلوچ نے یہ دلچسپ دعوی بھی کیا کہ کراچی کے شہریوں نے حالیہ بارشوں کو انجوائے کیا اور حالیہ بارشوں میں کہیں مسائل نہیں ہوئے اور مون سون کا سیزن اچھے طریقے سے گزرگیا۔ بعدازاںسندھ اسمبلی اجلاس پیر 13ستمبر کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ قبل ازیں سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر ریحانہ لغاری کی زیر صدارت سوا گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ ایوان کی کارروائی کے آغاز میں حریت رہنما سید علی گیلانی، بلوچستان کے سابق وزیر اعلی سردار عطاء اللہ مینگل اور سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی کی مغفرت اور اداکار عمر شریف کی صحت یابی کے دعا کی گئی۔ اجلاس میں مہران ٹائون فیکٹری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔ ارکان نے قائد اعظم کی 73 ویں برسی پر ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا مانگی۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن غزالہ سیال نے کہا کہ مینار پاکستان پر پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ ہیر سوہو نے کہا کہ یہ واقعہ معاشرے کی بے حسی کا مظہر ہے۔ اجلاس میںسینیٹر فیصل واڈا کی والدہ کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن