اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر 10 سال کی بلند ترین سطح پر
کراچی(این این آئی)کارکنوں کی ترسیلات زر کا مضبوط رجحان جاری رہااور اگست 2021 میں وہ 2.66 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔سٹیٹ بنک کے مطابق یہ مسلسل 15واں مہینہ ہے کہ 2 ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔ جو اس مہینے کے لیے پوری دہائی کی بلند ترین شرح نمو ہے۔نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر اگست میں 26.8 فیصد (سال بسال)بڑھ گئیں جو اس مہینے کے لیے پوری دہائی کی بلند ترین شرح نمو ہے۔اسٹیٹ بینک نے کہاکہ ماہ بہ ماہ بنیاد پر آنے والی رقوم جولائی سے معمولی سی کم تھیں جس سے عید کے بعد کی معمول کی سست روی کی عکاسی ہوتی ہے۔ تاہم یہ موسمی کمی اس سال تاریخی رجحانات کے مقابلے میں کہیں کم تھی۔ مجموعی طور پر 5.36 ارب ڈالر کی ترسیلات زر اس سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.4 فیصد بڑھیں۔