9/11 واقعہ افسوسناک‘ مذموم مقاصد ناکام بنائیں گے: پاکستان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) دفتر خارجہ نے نائن الیون واقعہ کے 20 سال مکمل ہونے پر ایک بیان میں کہا کہ11 ستمبر کو دہشت گرد حملوں کے بیس سال مکمل ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام آج کے دن اپنی قیمتی جانوں کو کھونے والوں کو افسوس کے ساتھ یاد کرتی ہے۔ بے گناہ نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی یک جہتی اور حمایت کو دہراتے‘ مذمت کرتے ہیں۔11 ستمبر 2001 کے متاثرین کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ 11 ستمبر 2001ء کے واقعات دنیا کو دہشت گردی کے درپیش خطرات اور ان کے تباہ کن اثرات کی ہمیں یاد دلاتے ہیں۔ دہشت گردی کو کسی مخصوص عوام، شہریت، تہذیب، مذہب، رنگ ونسل کے ساتھ جوڑنا قابل مذمت ہے۔ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں عالمی برادری کا متحرک شراکت دار رہا ہے۔ پاکستان نے اس جدوجہد میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور 80 ہزار سے زائد شہادتوں کی صورت میں بے مثال قربانیوں کے ذریعے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔ ہم پاکستان میں خاص طور پر حالیہ مہینوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی بھی پرزور الفاظ میں شدید مذمت کرتے ہیں۔ جن کی منصوبہ بندی اور مدد سرحدوں کے پار سے کی گئی۔ پاکستان پرعزم ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا اور انہیں محفوظ بناتے ہوئے امن کو خراب کرنے کے عزائم رکھنے والوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائے گا جو انتہا پسند نظریات کو ہوا دیتے ہیں اور جیوپولیٹیکل ایجنڈوں پر کاربند ہیں۔