• news

کابل ڈرون حملے میں داعش بمبار نہیں افغان الیکٹریکل انجینئر ہلاک ہوا‘ امریکی اخبار

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ/ این این آئی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ ماہ ہونے والے ڈرون حملے میں امریکا نے داعش کے خودکش بمبار کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا لیکن امریکی اخبار نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ امریکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ کابل ائیرپورٹ کے قریب جس گھر کو نشانہ بنایا گیا وہ امریکی این جی او کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے انجینئر کا تھا۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق زیماری احمدی دفتر کی گاڑی سے پانی کی بوتلیں اتار رہا تھا جنہیں ممکنہ طور پر دھماکا خیز مواد سمجھ لیا گیا اور حملہ کر دیا گیا۔ امریکا نے افغانستان میں انخلا سے قبل اپنے آخری ڈرون حملے میں بھی بے گناہ شہریوں کی جان لے لی۔ امریکی اخبار نے افغان دارالحکومت کابل میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے دہشت گرد کی ہلاکت کے دعوے کو پنٹاگون اور سی آئی اے کا سفید جھوٹ قرار دے دیا۔ امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا اس گاڑی میں بارود سے بھرے کین موجود تھے اور جاں بحق شخص امریکی فوجیوں پر حملہ کرنے والا تھا۔ امریکی فوج نے اس گاڑی کو فوری خطرہ قرار دے کر اس پر ڈرون حملہ کردیا۔ تاہم امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈرون کا نشانہ بننے والی گاڑی افغان الیکٹریکل انجینئر زیماری احمدی کی تھی جو کام سے گھر لوٹا تھا اور امریکی این جی او نیوٹریشن اینڈ ایجوکیشن انٹرنیشنل کا ملازم تھا۔ زیماری نے امریکا میں پناہ گزین بننے کیلئے درخواست بھی دی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن