• news

امریکہ نے طالبان حکومت کو فوری تسلیم کرنے کا امکان مسترد کر دیا 

 واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو فوری طور پر تسلیم کرنے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب اس کے مفاد میں ہوگا وہ طالبان کے ساتھ بات کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیوز بریفنگ میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے بارے میں عالمی برادری کے خدشات کا اظہار کیا اور وہ گزشتہ 20 برس کے فوائد کا تحفظ کرنا چاہتا ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ بائیڈن انتظامیہ طالبان کے ساتھ کس طرح رابطہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تسلیم کرنا، قانونی حیثیت اور عملی طور پر رابطہ کرنے جیسے معاملات میں فرق ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ یقینی طور پر آپ نے ہم سے اور دوسری حکومتوں سے سنا ہوگا کہ ہم قومی مفادات کی بنیاد پر طالبان سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتی اجلاس میں ’ہم نے دوسرے ممالک سے بھی اسی طرح کے جذبات سنے‘۔ افغانستان میں پاکستان کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نے حالیہ وزارتی اجلاس میں امریکا اور جرمنی کی مشترکہ میزبانی میں افغانستان کے  بارے میں اپنا مؤقف بتایا۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان وزارتی اجلاس میں مصروف تھا اور ہم نے پاکستانیوں سے اسی طرح کے جذبات سنے جو ہم نے دوسرے ممالک سے سنے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاکستانی شراکت داروں سمیت وسیع پیمانے پر معاہدہ ہوا ہے کہ گزشتہ 20 برس کے فوائد کو ضائع نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شرکا بالخصوص افغانستان کے پڑوسیوں نے افغانستان میں انسانی صورت حال کے بگاڑ کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے پر اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن