• news

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان پہنچ گئی ، سخت سکیورٹی 

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان پہنچ گئی، پی سی بی کے حکام نے شاندار استقبال کیا ۔ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تین میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 25 ستمبر سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوں گے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کے متفقہ فیصلہ کے مطابق آئندہ ہفتے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا سٹیٹس تبدیل کر دیا گیا ہے یہ تینوں میچز اب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی بجائے دو طرفہ سیریز  کے میچز شمار کئے جائیں گے پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ ڈی آر ایس کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے جو کہ آئی سی سی ورلڈ سپر لیگ کی پلیننگ کنڈیشنز کا ضروری حصہ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بک می ڈاٹ کام کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کر لیا ہے جو ستمبر 2021ء سے ستمبر 2023ء تک جاری رہے گا اس معاہدے کا آغاز پاکستان کی ہوم انٹرنیشنل سیریز میں شامل پہلی پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز سے ہوگا جس کے تحت تین ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی  انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ دونوں ایڈیشنز کی ٹکٹیں بھی بک می ڈاٹ کام پر دستیاب ہوں گی۔  نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ڈھاکہ سے اسلام آباد ائر پورٹ پہنچی اسلام آباد پہنچنے پر مہمان ٹیم کا نجی ہوٹل میں کووڈ ٹیسٹ ہوگا جس کے بعد کھلاڑی اپنی ٹریننگ شروع کریں گے ٹیسٹ منفی آنے پر مہمان ٹیم کو پریکٹس کی اجازت ملے گی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 15 ستمبر کو انٹر سکواڈ میچ شیڈول ہے۔  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 17  ستمبر کو ہوگا سیریز کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 17 19, اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی  انٹرنیشنل میچز 26,25 اور 29 ستمبر  یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔  پاکستان اور نیوز لینڈ کے درمیان ون ڈے کرکٹ سیریز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز  ہو گیا ہے تینوں ون ڈے میچوں کے ٹکٹوں کی قیمت ایک ہزار روپے سے 2 ہزار روپے تک مختص کی گئی ہے جبکہ پانچوں ٹی ٹوئنٹی میچوں کے ٹکوں کی قیمت 500 روپے سے 3000 روپے تک مختص کی گئی ہے تاہم شائقین کو سٹیڈیم میں ٹکٹوں کے ساتھ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے کرکٹ بورڈ کے مطابق شائقین میچز کے ٹکٹس آن لائن کوریئر آفس  اورکال پر خرید سکیں گے  میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ مہمان ٹیم کے آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن