قومی اتحاد ہمارا اثاثہ ، امریکی مسلمان امن پسند مذہب کے سچے پیروکار : جوبائیڈن
نیویارک (نوائے وقت رپورٹ‘ شنہوا) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ نائن الیون پر نایاب اور سچا قومی اتحاد دیکھا۔ قومی اتحاد ہمارا اثاثہ ہیں۔ امریکی مسلمان امن پسند مذہب کے سچے پیروکار ہیں۔ قومی اتحاد ہماری اصل طاقت ہے۔ امریکی صدر نے گیارہ ستمبر کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گیارہ ستمبر 2001 ء کے سانحے کے بعد ہم نے توقع اور خلاف توقع ہر جگہ بہادری کے کارنامے دیکھے۔ اس کے ساتھ ہم نے انسانی فطرت کی سیاہ کاریاں بھی دیکھیں۔ امریکی مسلمانوں کے خلاف عنصر نفرت اور تشدد دیکھنے میں آیا۔ امریکہ کی اساس تلاش کرنے کی جنگ میں اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ اتحاد کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم سب ایک ہی نظریئے پر ایمان لے آئیں بلکہ اتحاد کا مطلب ہے کہ ہم ایک دوسرے کی عزت کریں اور اس قوم پر اور دوسروں پر اعتماد کریں۔ ہم دنیا کی تاریخ میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ کیونکہ ہم واحد قوم ہیں جس کی بنیاد ایک نظریئے پر ہے۔ وہ نظریہ یہ ہے کہ سب انسان برابر پیدا کئے گئے ہیں اور ساری زندگی ان کے ساتھ برابری کا سلوک ہونا چاہئے۔ نائن الیون واقعہ کے 20 سال مکمل ہونے پر گراؤنڈ زیرو پر تقریب منعقد کی گئی۔ واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ اور امریکی صدر جوبائیڈن‘ سابق صدر اوباما‘ بل کلنٹن نے شرکت کی۔ شرکاء نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر دہشت گرد حملے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور حملے میں ہلاک ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ دریں اثناء ملکہ برطانیہ نے امریکی صدر کو پیغام میں کہا ہے کہ نائن الیون واقعہ میں ہلاک اور متاثرین کیلئے دعاگو ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ میں نائن الیون کے دہشتگردانہ حملوں کی 20 ویں برسی کی مناسبت سے ہفتہ کے روز ایک بیان جاری کیا ہے۔گوتریس نے بیان میں کہا کہ آج ہم دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کے ذہنوں کو جھنجوڑ دینے والا ایک غمگین دن منا رہے ہیں۔ ایک ایسا دن جب امریکہ میں دہشتگردوں کے بزدلانہ اور گھناؤنے حملوں میں 90 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 3 ہزارکے قریب افراد اپنی جان گنوا بیٹھے اور ہزاروں مزید زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن میری دعائیں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔