بارش : 10 ہلاکتیں ، قصور میں چھت گرنے ، ڈوبے سے 2 بہنوں سمیت 5 جاں بحق
لاہور‘ فیروز والا‘ قصور‘ نواں کوٹ‘ جہلم (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) لاہور اور دیگر علاقوں میں گزشتہ روز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شاہدرہ اور راوی پار کے علاقوں میں کرنٹ سے خاتون اور نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ قصور میں چھت گرنے سے 2 بہنیں جبکہ سیوریج نالہ اور نہر میں ڈوب جانے سے پولیس اہلکار اور 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔ نواں کوٹ میں کرنٹ سے خاتون، جہلم میں نوجوان چل بسا۔ جبکہ مصری شاہ میں کوارٹر کی چھت گرنے سے معمر خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ لاہور شہر میں پھر موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 140 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔گلیاں، بازار اور شاہراہیں بارش کے پانی میں ڈوب گئے۔ لکشمی چوک، فرخ آباد، بھاٹی گیٹ، لوہاری گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ، حاجی کیمپ، نسبت روڈ، ایمپریس روڈ، کوپر روڈ، تاج پورہ، وارث روڈ، عابد مارکیٹ، چوبرجی، جین مندر، موہنی روڈ، کاہنہ اور یتیم خانہ چوک میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ مختلف شاہراہوں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بارشی پانی میں بند ہو گئیں۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ 3 روز سے جاری بارش کے اعدادوشمار جاری کر دئیے۔ مجموعی طور پر زیادہ سے زیادہ بارش 329 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 140 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب مسلسل بارشوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور واسا حکام کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ جتنی جلدی ممکن ہو سکے نکاسی آب کے کام کو مکمل کیا جائے۔ دوسری طرف لاہور سے وقائع نگار کے مطابق مصری شاہ کے علاقے چمڑا منڈی، ریلوے کالونی میں خستہ حال سرکاری کوارٹر کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر 95 سالہ رحمت بی بی جاں بحق، اس کی بیٹی 25 سالہ نلیم اور دس روزہ نواسی زخمی ہو گئیں۔ سیکرٹریٹ چوک پر سگنل پول میں کرنٹ آنے سے ایک کتا بھی ہلاک ہو گیا۔ کینال روڈ پر ایک درخت گر گیا۔ زخمیوں کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ نواں کوٹ میں عائشہ نامی خاتون دفتر جانے کیلئے گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھ رہی تھی۔ اس کا ہاتھ اچانک پول سے چھو گیا۔ جس سے اسے کرنٹ لگا اور وہ جاں بحق ہو گئی۔ موسلادھار بارش کے باعث قصور کے نواحی گائوں بھیڈیاں کلاں میں مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے دو بہنیں 12 سالہ سویرا اور 10 سالہ جاسواں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ جبکہ ان کی 30 سالہ والدہ بلقیس بی بی اور 8 سالہ بہن اریبہ زخمی ہو گئیں۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور منتقل کر دیا گیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور میں بارش کے باعث تین واقعات میں پولیس اہلکار اور دو بچے سیوریج نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ شفیع والا چوک قصور کے سیوریج نالہ میں آٹھ سالہ فیضان ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے گر کر ڈوب گیا۔ نتھوالا پل کراس کرتے ہوئے ایک حوالدار نہر میں ڈوب گیا۔ جبکہ چاہ روٹ سنگھ والا میں پندرہ سالہ لڑکا بارش کے باعث سیوریج کے نالے میں نہاتے ڈوب گیا۔ تینوں کی نعشوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ویلڈنگ کا کام کرنیوالا نوجوان بلال بارش کے باعث بجلی کے پول میں کرنٹ آنے سے دم توڑ گیا۔ بلال مدنی محلہ جہلم کا رہائشی تھا۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ اور راوی پار کے علاقہ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ سب ڈویژن لیسکو جیا موسیٰ کے علاقہ فضل پارک میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان محسن ہلاک ہو گیا۔ اس واقعہ پر ورثاء اور شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ راوی پار کے علاقہ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے جواں سال خاتون (ش) ہلاک ہو گئی۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی۔ علاوہ ازیںکاہنہ کے علاقے میں روہنی نالے کا بند ٹوٹ گیا۔ پانی گاؤں میں داخل لوگ چھتوں پر چڑھ گئے۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ مسجدوں کے ذریعے حفاظتی اقدامات کے لئے اعلانات بھی کئے گئے۔