میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کا 56 واں یوم شہادت منایا گیا
لاہور( این این آئی)ملک کے دفاع کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کا 56 واں یوم شہادت منایا گیا۔راجہ عزیز بھٹی 1928میں ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے اور 1947میں آزادی سے قبل پاکستان منتقل ہوئے جہاں انہوں نے ضلع گجرات کے گائوں لادیاںمیں سکونت اختیار کی۔میجر راجہ عزیز بھٹی نے ستمبر 1965کی پاک بھارت جنگ میں لاہور کے قریب برکی کے مقام پر کمپنی کمانڈر کے طور پر اگلے مورچوں پر تعینات اپنی پلاٹون کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا اور دفاعی اہمیت کی حامل بی آر بی نہر کا بہاد ری سے دفاع کیا۔دشمن کے ٹینکوں اور توپ خانے کی طرف سے مسلسل گولہ باری کے دوران انہوں نے اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ بی آر بی نہر کا دفاع جاری رکھا اور اسی دوران دشمن کا ایک گولہ لگنے سے شہادت کے رتبے پر سرفراز ہوئے۔سرکاری ریڈیو کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ قوم میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی عظیم قربانی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی شہید کی بہادری اور مثالی قیادت نے بھارتی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا اور لاہور پر دشمن کا حملہ کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ان کی اس بہادری سے ہر قیمت پر پاکستان کے دفاع کے ہمارے جذبے کو تقویت ملتی ہے۔